واشنگٹن: وائٹ ہاؤس میں کورونا کے کیسز سامنے آنے کے بعد اسٹاف کو ماسک پہننے کا حکم دیا گیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی نائب صدر مائیک پینس کی پریس سیکریٹری کیٹی ملر اور صدر ٹرمپ کے فوجی خدمت گار میں کورونا کی تصدیق کے بعد تمام اسٹاف کو عمارت میں داخل ہوتے ہی ماسک پہننے کا حکم دیا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ تمام اسٹاف سوائے اپنی ڈیسک پر موجود ہونے کے ہر وقت اپنے چہرے کو لازمی طور پر ماسک سے ڈھانپیں اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ سماجی فاصلہ بھی رکھیں۔
اس حوالے سے امریکی صدر کا کہنا ہےکہ انہوں نے اس پالیسی کو لازم قرار دیا۔
پیر کے روز وائٹ ہاؤس میں بغیر ماسک لگائے بریفنگ دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں اس طرح کی ہدایات پر عمل کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ وہ سب سے دور رہے اور وائٹ ہاؤس میں انفیکشن کو کم کیا۔
انہوں نےکہا کہ ہمارے پاس وائٹ ہاؤس میں روزانہ لوگوں کا ہجوم ہوتا ہے اور میرے خیال میں ہم وائرس کو روکنے کے لیے اچھا کام کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے تین ممبران وائرس کے شبے میں آئسولیشن میں ہیں جن میں معروف سائنسدان ڈاکٹر انتھونی فاؤچی بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ امریکی صدر کے اہم مشیر اسٹیفن ملر کی اہلیہ اور نائب امریکی صدر کی پریس سیکرٹری کیٹی ملر بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔